• news

وزراء کسی کے کہنے پر غلط کام نہ کریں، نگران وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( سٹاف رپورٹر، نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے اپنی نگران کابینہ کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امن و امان کو کنٹرول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نگراں وزیراعلیٰ نے بالخصوص کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں اور کراچی میں سٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا۔نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ اجلاس کا مقصد گڈ گورننس، عوام کی خدمت اور الیکشن کمیشن کو ان کے کام کی انجام دہی میں معاونت کا ایجنڈا ترتیب دینا ہے۔سیلاب کے بعد صوبے میں غربت کئی گنا بڑھ گئی ہے، اس لیے غربت کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت غیر سیاسی ہے اور یہ ان کی سماجی و سیاسی شناخت یا وابستگی سے قطع نظر سب کیلئے ہے، ہم دوسروں پر الزامات کی انگلیاں اٹھانے کیلئے نہیں ہیں لیکن ہم لوگوں کی خدمت کرکے گورننس کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے اور الیکشن کمیشن کی مدد کریں گے۔علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر کیخلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، موقف اختیار کیا گیا کہ چار اپریل دو ہزار بائیس کو سپریم کورٹ سے ریٹائر ہوئے ہیں اس لئے وہ ریٹائرمنٹ کے دو سال مکمل کئے بغیر وزیراعلیٰ نہیں بن سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن