اتراکھنڈ: بس کھائی میں گرنے سے 7یاتری ہلاک، متعدد زخمی
اترکاشی (این این آئی )بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں یاتریوں کی ایک بس کھائی میں گرنے سے 7 افراد ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں ایک حادثہ پیش آیا جہاں گجرات سے یاتریوں کو لے جانے والی ایک بس کھائی میں گرگئی جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے۔بس گنگوتری سے واپس آرہی تھی کہ گنگنی کے مقام پر حادثہ کا شکار ہوگئی، حادثے کے وقت کل 35 افراد سوار تھے۔ریسکیو سروس کے مطابق ستائیس افراد کو بس کے ملبے تلے سے نکال کر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے حادثے کے بارے میں اعلی حکام سے بات کی اور ریسکیو کارروائیوں کو تیزی سے شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔اتراکھنڈ میں شدید بارشیں ہو رہی ہیں جس نے ریاست میں انسانی جانوں اور املاک کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا ہے، ریاست میں مسلسل بارش کی وجہ سے سڑکوں اور پلوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔