بھارت،غیر ازدواجی تعلق پر اہل علاقہ کا 2 بچوں کے باپ اور آشنا کو کھمبے سے باندھ کر تشدد
نئی دہلی (این این آئی)بھارت میں 2 بچوں کے باپ کو مبینہ طور پر غیر ازدواجی تعلق کی بنا پر آشنا کے ساتھ بجلی کے کھمبے سے باندھ کر سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق تریپورہ کے ٹان بیلونیا میں2 بچوں کے باپ اور 20 سالہ لڑکی کو غیر ازدواجی تعلقات رکھنے کے الزام میں سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں مرد اور ایک لڑکی کو بجلی کے کھمبے سے بندھے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ادھیڑ عمر خاتون کھمبے سے بندھی لڑکی کے بال کھینچ کھینچ کر اسے مارتے دیکھی گئی۔بھارتی شخص اور اس کی آشنا کو سرعام ایک بزرگ کی جانب سے بھی بے عزت کیا گیا آس پاس موجود لوگ واقعے دیکھتے رہے لیکن کسی نے جوڑے کی مدد نہیں کی۔واقعے کی اطلاع پولیس کو دی گئی جس کے بعد پولیس نیموقع پر پہنچ کر متاثرین کو بچالیا دوسری جانب متاثرہ مرد اور لڑکی کی جانب سے کسی قسم کی شکایت درج نہیں کرائی گئی۔ البتہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے علاقہ مکینوں کیخلاف تفتیش شروع کردی ۔