• news

ریلوے کمرشل افسران کا پروموشن سسٹم فول پروف ہے: ترجمان 


لاہور (نیوز رپورٹر)ترجمان ریلوے نے کہا ہے کہ سی ایس ایس پاس کر کے ریلوے گروپ میں پوسٹ ہونے والے افسران کی ترقیوں کا نظام مکمل شفاف ہے۔ کسی بھی افسر کو مطلوبہ امتحانات کی کسوٹی سے گزارے بغیر ترقی نہیں دی جاتی۔ ریلوے گروپ کی ترقیاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مقرر کردہ پیمانے اور حساس اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد کی جاتی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ریلوے کے سینئر افسران سے متعلق تربیتی پروگرام پاس نہ کرنے کا الزام مضحکہ خیز ہے۔ ان کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والی خاتون پر غبن کا الزام ثابت ہو چکا ہے اور وہ اس ضمن میں سزا یافتہ ہیں۔ مزید برآں ان کے خلاف غبن کی رقم ریکور کرنے کے احکامات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ خاتون پر والٹن اکیڈمی میں تعیناتی کے دوران اہم ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کے خلاف پہلے ہی وزارت ریلوے میں انکوائری چل رہی ہے۔ والٹن اکیڈمی میں موجود ریکارڈ کو تبدیل کر کے بلا اجازت عدالت میں جمع کرواتے وقت خاتون افسر اس ریکارڈ پر جعلی دستخط کرنا بھول گئیں۔ سادہ کاغذ پر سینیئر ریلوے افسران کے خلاف تربیتی پروگرام کو پاس نہ کرنے کے ڈاکیومنٹ خود ساخت کیے گئے جس پر ادارہ قانونی کارروائی کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن