گورنر پنجاب سے خواجہ احمد حسان کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما، سابق کوارڈینیٹر وزیراعظم خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور تعلیم کے شعبے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران خواجہ احمد حسان نے ایچی سن کالج کے بورڈ کی بہتری کے لیے تجاویز بھی دیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن نے کہا کہ ادارے میرٹ کی بالادستی سے بنتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کی کردار سازی کا پہلو بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا مقصد طلبہ کو مختلف علوم سکھانے کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت کرنا بھی ہے جس کے لیے بطور چانسلر انہوں نے وائس چانسلرز کا خاص تاکید کرنے کے ساتھ کردار سازی پر ایک کنسورشیم بھی بنایا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ،سابق کوارڈینیٹر وزیراعظم خواجہ احمد حسان نے کہا کہ ایچی سن کالج ایک تاریخی اور قدیم تعلیمی ادارہ ہے اور وہ اس کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے تحت چلنے والے اداروں میں گورنر پنجاب نے میرٹ کی بالادستی اور انتظامی امور میں بہتری کے لیے جو اقدامات کیے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔