جنرل ہسپتال میںمسیحی برادری سے اظہاریکجہتی کےلئے ریلی‘پروفیسرالفرید ظفر کی شرکت
لاہور(نیوز رپورٹر) جنرل ہسپتال اورپنجاب انسٹی ٹیوٹ آ ف نیورو سائنسز کے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے عہدیداروں نے واقعہ جڑانوالہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ کو دین اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی گھناو¿نی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور تمام لوگ مل جل کر پر امن طریقے سے رہ رہے ہیں لہٰذا ایسی شرپسندانہ کاروائیوں کا کوئی جواز نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور جنرل ہسپتال میں مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ ریلی کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب مہمند،صدرینگ نرسزایسوسی ایشن خالدہ تبسم،صدر پاکستان ہیلتھ سپورٹ ایسوسی ایشن رانا پرویز نے اظہار خیال کرتے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ کی تمام مکاتب فکر کے علمائنے مذمت کی ہے اور ساری پاکستانی قوم اس واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار کر رہی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹرز،نرسز،پیرا میڈیکس،وارث، مجید، شہزاد روشن، سلیم مسیح، امانت شکیل و دیگر بڑی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے جڑانوالہ کے سانحہ کے خلاف کتبے اٹھا رکھے تھے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے مسیحی برادر ی کےساتھ مشکل کی اس گھڑی میں اظہار یکجہتی کرتے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں میں شرپسند عناصر کو تلاش کرنا ہوگا جو مسلمانوں اور مسیحی برادری میں خلیج پیدا کر کے پاکستان کے امن کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔