سانحہ جڑانوالہ قابل مذمت‘ شفاف تحقیقات سے مجرموں کا تعین کیا جائے: مفتی رمضان سیالوی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخشؒ کے خطیب مفتی محمد رمضان سیالوی نے کہا ہے کہ جڑانوالہ میں پیش آنے والا سانحہ نہایت قابل مذمت ہے۔ حکومت کو چاہئے شفاف اور آزادانہ تحقیقات کرا کے مجرموں کا تعین کرے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تمام اقلیتوں کے حقوق کا ضامن مذہب ہے۔ پاکستان میں بسنے والے سب افراد کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ اس سانحے کے اسباب کو بھی سامنے لایا جائے کہ قرآن کریم کی بے حرمتی کس نے کی اور کس کے ایماءپر کی اور کیا اس کے پیچھے کوئی طے شدہ منصوبہ اور سازش تو کارفرما نہ تھی۔ قرآن مجید کی بے حرمتی اور کسی بھی مذہب کی عبادت گاہوں اور مقدس کتابوں کی توہین کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔