• news

پنجاب ‘ 12 اضلاع میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے اعدادوشمار کی جانچ پڑتال مکمل


لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ پنجاب کے 12 اضلاع میں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے کے اعدادوشمار کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔ عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے ایمونائزیشن کے اعدادوشمار کی کوالٹی اسسمنٹ کا کام دو سال بعد کیا گیا ہے۔ بچوں حفاظتی ٹیکے لگائے بغیر ہی جعلی اعداد و شمار پیش کرنے والوں کی نشاندہی کا نظام وضع کر لیا گیا ہے۔جعلی اعداد و شمار مہیا کرنے اور غفلت برتنے والے ویکسینیٹرز کو معاف نہیں کیا جائےگا۔والدین بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور اور اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائے بغیر ہی انکے کوائف رجسٹر نہ کروائیں۔ایسے والدین کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔دو سال سے کم عمر بچوں کو 12 مہلک بیماریوں سے بچاو¿ کے ٹیکے مفت لگائے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ ماہرین کی ٹیموں نے ضلع لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، قصور، اوکاڑہ، جھنگ، سرگودھا، سیالکوٹ، بہاولنگر اور مظفر گڑھ میںان اعداد و شمار کا تجزیہ کیا ہے۔ اس عمل کے نتیجے میں ویکسینیشن کے نظام میں مختلف خامیوں کی نشاندہی کرنے، ضروریات کا جائزہ لینے،بہتری کے اقدامات کرنے اور اعداد و شمار اکٹھے کرنے کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اس عمل میں عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی سینئر حکومتی ماہرین بھی شامل تھے۔

ای پیپر-دی نیشن