کسی قوم کی حالت نہیں بدلتی جب تک اسے خود اپنی حالت بدلنے کی فکر نہ ہو ، پرویز اشرف
اسلام آبا د(این این آئی)سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتی جب تک اسے خود اپنی حالت بدلنے کی فکر نہ ہو ، آئندہ عام انتخابات میں گوجر خان کی عوام کا فیصلہ ترقی اور خوشحالی کا فیصلہ ہوگا، عوام کو الیکشن میں اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کس نے کی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے یونین کونسل کری دولال کے گائوں کریالی میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکرقومی اسمبلی کے ہمراہ خرم پرویز راجہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر راجہ عبدالغفار، راجہ اشتیاق، راجہ ظفر، اسرار قریشی، مقصود قریشی، مظہر، اسلم، فاروق، بشارت خان اور دیگر نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور پی پی پی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کردیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوجر خان کی عوام سے میرا گہرا رشتہ ہے۔ میں اس بات سے بخوبی آگاہ ہوں کے میری طاقت کا سرچشمہ عوام ہے،میں نے گوجر خان کی عوام سے جو وعدے کیے تھے اسے پورا کرنے کے لیے موجودہ تمام وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے۔ گوجر خان کے گاؤں گاؤں میں بجلی دینا میرا اولین مشن تھا، محترمہ بے نظیربھٹو نے 1993 میں مجھے اپنی طرف سے 122 دیہات کے لیے بجلی دی ،میں نے جب عوام سے بجلی اور گیس کا وعدہ کیا تو میرے مخالفین نے میرا تمسخر اڑیا۔ مخالفین نے یہ بھی کہا کہ تحصیل میں پاس پورٹ آفس نہیں بن سکتا لیکن میں نے بنا کر دکھایا۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ میں نے گوجر خان کی عوام کا کیس بڑی مضبوطی سے لڑا ہے جہاں پر عوام کا لیڈر کمزور ہوتا ہے وہاں کی عوام پسماندہ رہ جاتی ہے۔ میرا اوڑھنا بچھونا گوجر خان کی عوام ہیں۔ میرے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہوئے ہیں۔ گوجر خان کی عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ آپ کے اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس نہیں پہنچاؤ گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی قوم کی حالت اس وقت تک نہیں بدلتی جب تک اس کو خود اپنی حالت بدلنے کی فکر نا ہو۔ آئندہ الیکشن میں گوجر خان کی عوام کا فیصلہ ترقی اور خوشحالی کا فیصلہ ہوگا۔