سمیڈاکا مینوفیکچرنگ یونٹس کو قرضوںکی فراہمی کیلئے پروگرام کا آغاز
لاہور(کامرس رپورٹر )سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے مینوفیکچرنگ یونٹوں کیلئے قرضوں کے اجرا کے حوالے سے الگ اسیسمنٹ سسٹم وضع کرنے کا پروگرام شروع کر دیا ۔ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان عزیز خواجہ نے بتایا کہ ایس ایم ایز کیلئے ایک سادہ اور آسان کریڈٹ اسیسمنٹ سسٹم کی تشکیل ہے۔ پی ایس ڈی پی فنڈڈ تحقیقی پراجیکٹ کے تحت ایک قابل اعتماد کریڈٹ رسک اسیسمنٹ ماڈل کی تیاری کیلئے مالیاتی امور کے ماہر اداروں سے بھی تجاویز طلب کر لی گئی ہیں جن کی روشنی میں سمیڈا ایس ایم ای سیکٹر میں موجود چھوٹے اور درمیانے مینوفیکچرنگ یونٹوں کیلئے بینکوں کو ایک آسان قابلِ عمل اور بااعتماد نظام وضع کر کے دے گا۔اس نظام کو بنکوں کیلئے قابل قبول بنانے کیلئے بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین اسیسمنٹ ماڈلز کو بھی پیش نظر رکھا جائیگا۔ اس طرح پاکستانی بینکوں اور مالیاتی اداروں کے مینوفیکچرنگ ایس ایم ایز کو قرضے جاری کرنے سے کترانے کے خدشات دور ہو جائیں گے۔