• news

سپریم کورٹ نے ٹریڈ آرگنائزیشنز اور چیمبرز الیکشن کیلئے درخواست خارج کردی

لاہور(کامرس رپورٹر )  ٹریڈ آرگنائزیشنز اور چیمبرز میں الیکشن کروانے کیلئے دائر درخواست کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے خارج کر دیا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان  نے درخواست خراج کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے میں کوئی  قانونی سْقم نہیں ہے جس پر سپریم کورٹ مداخلت کرے۔ واضح رہے کہ ڈی جی ٹی او دفتر سے جاری ہونے والے7 جولائی کے الیکشن شیڈول کا خط ٹریڈ آرگنائزیشن (امینڈمنٹ) ایکٹ 2022 سے متصادم تھا جس کی وجہ سے کچھ چیمبرز نے عدالت سے رجوع کیا تھا جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس خط پر13جولائی کو حکم امتنائی جاری کر دیا تھا۔ اس کیس کی اگلی تاریخ 5 اکتوبر ہے۔ اس خط کی معطلی کے بعد جن بھی چیمبرز نے الیکشن شیڈول جاری کیا تھا ان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست کو منظور کر لیا تھا۔اس معاملے میں عدالت نے ڈی جی ٹی او کو 15 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے اور ان سے یہ بھی پوچھا ہے کہ جن چیمبرز نے انہیں الیکشن شیڈول بھیجے ہیں ان کی تفصیل بھی عدالت میں جمع کروائیں۔ سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ عین قانون اور آئین کے مطابق ہے اور اس  پر سپریم کورٹ کی جانب سے مداخلت کا جواز نہیں ہے۔اس مقدمے کے خارج ہونے کے بعد یہ بات واضح ہو چْکی ہے کے ٹریڈ باڈیز کے الیکشن اب اگلے سال یعنی 2024 میں ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن