مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری، ایک اور نوجوان شہید
سری نگر (نوائے وقت رپورٹ‘ اے پی پی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت میں ایک اور کشمیری نوجوان شہید ہو گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کی شہادت کا واقعہ جنت نظیر وادی کے علاقے اسلام آباد میں پیش آیا جہاں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر گھر گھر تلاشی لی۔ اس دوران چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا۔ خواتین کی بے عزتی کی گئی۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں قابض بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں مودی حکومت کی بھتہ خوری کے خلاف جاری مظاہروں کو روکنے کے لیے جموں خطے کے ضلع سانبہ میں دفعہ 144 نافذ کر دی ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دفعہ 144کے تحت پابندیاں خاص طور پر جموں پٹھانکوٹ ہائی وے پر واقع سروری ٹول پلازہ کے گردونواح میں نافذ کی گئی ہیں۔