ایل او سی پر شہری کی شہادت، بھارتی ناظم الامور کی دفترخارجہ طلبی، احتجاج
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے گائوں اولی کے رہائشی 60 سالہ شہری غیاث کی بھارتی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں شہادت پر پاکستان کا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ یہ واقعہ 21 اگست 2023ء کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نکیال سیکٹر میں پیش آیا۔ پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر امن و آشتی کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں 2003ء کے سیز فائر مفاہمت کی صریح خلاف ورزی ہیں، جس کی فروری 2021ء میں تجدید کی گئی تھی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان کے مطابق اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارتی افواج کو انتہائی احتیاط برتنی چاہئے کیونکہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کے منافی ہے۔ بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کرے اور سیز فائر مفاہمت کا احترام کرے۔