پاک فوج کا طویل، مشکل آپریشن ، تمام افراد کو بچالیا
اسلام آباد،بٹگرام،لندن(خبرنگار،نمائندہ خصوصی، خبرنگار خصوصی، اپنے سٹاف رپورٹر سے،ولی زیب خان، نوائے وقت رپورٹ)افواج پاکستان نے ریسکیو آپریشن بٹگرام کو کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت اتار لیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بٹگرام میں انتہائی پیچیدہ اور مشکل ترین ریسکیو آپریشن مکمل کیا جس کی قیادت جی او سی ایس ایس جی نے کی۔ پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم نے 600 فٹ بلندی پر چیئرلفٹ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ چیئرلفٹ میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پر آرمی ایوی ایشن اور ایس ایس جی کی باصلاحیت ٹیم نے ریسکیوآپریشن کا تیزی سے آغاز کیا۔ بعد ازاں پاک فوج کی سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم اور پاکستان ائیر فورس کا ہیلی کاپٹر بھی آپریشن کا حصہ بنا۔ پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم کوآرمی ایوی ایشن نے مکمل تکنیکی مدد فراہم کی جس کے باعث آپریشن کی کامیابی ممکن ہوسکی۔ آپریشن کے دوران پاک فوج اور پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بیمثال مہارت اور کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ریسکیو آپریشن کو کامیابی سے پایا تکمیل تک پہنچانے میں لوکل کیبل ایکسپرٹ کی بھی خدمات حاصل کی گئیں۔ اس آپریشن میں سول انتظامیہ اور لوکلز نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ یہ ایک انتہائی مشکل اور کھٹن آپریشن تھا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج اور پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹرز نے بروقت جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی آپریشن کاآغاز کیا اور پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ ٹیم، پاک فضائیہ، لوکل انتظامیہ، اور کیبل ایکسپرٹس کی مدد سے پاکستانی تاریخ کے اس منفردآپریشن کو سرانجام دیکر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں عوام کی آواز پر لبیک کہا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں اور رہیں گی۔ بٹگرام کے پہاڑی علاقے آلائی پاشتو میں صبح پونے آٹھ بجے سات بچے اور ایک استاد سکول جانے کے لیے سوار ہوئے تاہم راستے میں یہ واقعہ پیش آیا،اس کیبل کار کے تین تار تھے جن میں سے دو ٹوٹ چکے تھے اور صرف ایک تار سے چیئر لفٹ ہوا میں رکی ہوئی تھی۔ پھنسنے والی لفٹ تقریباً دو ہزار میٹر کی بلندی پر ہوا میں معلق تھی جس کے سبب مقامی لوگ امدادی کارروائی سے قاصر تھے۔پاک فوج نے بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن کیا، آپریشن میں دو ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔ ریسکیو کے لیے پاک فوج کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ آپریشن کے ماہرین کی ٹیم بھی آپریشن میں مصروف عمل تھی، جبکہ پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر میں بیس کمانڈوز موجود تھے۔چیئر لفٹ کے 3 میں سے 2 تار ٹوٹ چکے تھے اور ہیلی کاپٹر سے پیدا ہونے والے ہوائی پریشر سے اکیلا بچ جانے والا تار بھی ٹوٹ جانے کا اندیشہ تھا، اس لیے ہیلی کاپٹر سے ریسکیو آپریشن کو انتہائی محتاط انداز میں کئے جانے کی کوشش کی گئی۔ چیئرلفٹ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اٹھا کر لے جانا ایک مشکل آپریشن تھا کیوں کہ واحد بچ جانے والا تار معمولی سے بھی ہوائی دباؤ کے سبب ٹوٹ سکتا تھا۔جی او سی ایس ایس جی نے ریسکیو آپریشن کی قیادت کی‘ چھ سو فٹ بلندی پر چیئر لفٹ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا گیا۔سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرلفٹ میں پھنسے بچوں کو ریسکیو کرنے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہ مشکل‘ صبر آزما اور اعصاب شکن ریسکیوآپریشن تھا۔دوران آپریشن کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ مقامی آباد نے انتظامیہ کی جس طرح مدد کی وہ قابل ستائش ہے۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا ہے کہ اسپیشل سروسز گروپ کی ٹیم‘ افواج پاکستان اور مقامی انتظامیہ کا قوم شکریہ ادا کرتی ہے۔ اﷲ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بچوں سمیت تمام 8 لوگوں کی زندگی محفوظ رہی۔ آپ جسط رح کسی نقصان کے بغیر ریسکیو آپریشن مکمل کیا‘ آپ شاباش کے مستحق ہیں۔ بچوں کے والدین کو خاص طور پر مبارکباد دیتی ہوں‘ اﷲ تعالیٰ سب کے گھر آباد رکھے۔وفاقی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ چیئر لفٹ میں پھنسے 8 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ریسکیو کئے گئے بچوں اور افراد میں عرفان ولد امریز،نیاز محمد ولد عمر زیب،رضوان ولد عبد القیوم، گلفراز ولد حکیم داد، شیر نواز ولد شاہ نظر،ابرار ولد عبدالغنی، عطاء اللہ ولد کفایت اللہ، اسامہ ولد محمد شریف شامل ہیں وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ بٹگرام میں ریسکیو کا عمل کامیابی سے مکمل ہوگیا ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے کا تمام کریڈٹ ہماری مسلح افواج کو جاتا ہے جنہوں نے سخت جدوجہد سے اس پیچیدہ ترین آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بٹگرام میں چیئرلفٹ سے تمام 8 افراد کے بحفاظت ریسکیو پر اظہار تشکر کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن میں شریک پاک فوج، پاک فضائیہ، ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیاہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم نے ریسکیو آپریشن میں شریک مقامی و دوسرے علاقوں سے ہنگامی بنیادوں پر آئے رضاکاروں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو میں شامل افسران، اہلکاروں اور رضاکاروں نے 8 قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ آٹھ گھرانوں کی زندگی بچائی۔سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف کا بٹگرام میں چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کے ریسکیو آپریشن کی کامیابی کی ہے اور دعا کی اور قوم سے بھی دعا کی اپیل ہے سابق وزیر اعظم نے پاک فوج کی جانب سے ریسکیو آپریشن کو قابل تحسین کہا ہے شہبا زشریف نے کہا ہے کہ کئی گھنٹے کے اس انتہائی مشکل ریسکیو آپریشن میں شریک پاک فوج کی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔پاک آرمی کے سپیشل سروسز گروپ کی سلنگ آپریشن میں ماہر ٹیم بھی آپریشن کا حصہ بنی ۔لفٹ میں پھنسے طالبعلم گلفراز نے کہا کہ ایک لڑکے کو دل کا مسئلہ تھا، انسانی ہمدردی دکھائیں، ہمیں بحفاظت یہاں سے نکالیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی ہے۔میجر جنرل عادل رحمانی نے کہا کہ مشکل جگہ پر حادثہ پیش آیا، ہا کی رفتار تیز ہونے کی وجہ سے آپریشن میں بہت مشکل پیش آئی۔