ہربنس پورہ 36 لاکھ‘ باغبانپورہ میں 13 لاکھ لوٹ لئے‘ مزاحمت پر شہری زخمی
لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی وچوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے ایک شہری کو شدید زخمی کردیا ہے۔ کاہنہ میں پنجو گاؤں کے قریب ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر آن لائن موٹر سائیکل ٹیکسی سروس کے ڈرائیور فیصل سے گن پوائنٹ پر موٹر سائیکل اور موبائل لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے اس دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے 35سالہ فیصل کو شدید زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ فیصل کو پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگی ہیں۔ جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ چوروں نے ہربنس پورہ میں ڈاکٹر عبدالمجید کے گھر کے تالے توڑ کر 36لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان، باغبانپورہ میں سید عامر کے گھر سے 13لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، ملکی و غیر ملکی کرنسی اور دیگر سامان، فیکٹری ایریا کے علاقے میں غزالہ پروین کے گھر سے 10لاکھ کے طلائی زیورات اور نقدی چوری کرلی اور فرار ہوگئے۔ ڈاکوؤں نے فیکٹری ایریا میں منور ریاض کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 13 لاکھ 10 ہزار کے طلائی زیورات، نقدی اور دیگر سامان، لٹن روڈ کے زین کے ای نادرا سینٹر سے اسلحہ کے زور پر 2 لاکھ نقدی، غازی آباد میں اشفاق سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، ٹاؤن شپ میں کامران سے 80 ہزار اور موبائل فون، شاہدرہ میں پرویز جمیل سے 24 ہزار اور موبائل فون، باغبانپورہ میں صبور سے 28 ہزار روپے اور موبائل فون، شفیق آباد میں عباس سے 11ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے ڈیفنس، غالب مارکیٹ، راوی روڈ، شیراکوٹ، نولکھا اور ہنجروال کے علاقوں میں سے کاریں جبکہ نصیر آباد، غالب مارکیٹ، فیکٹری ایریا، پرانی انارکلی، رنگ محل، مستی گیٹ، نولکھا، اسلام پورہ، شاہدرہ، بھاٹی گیٹ، مصری شاہ، باغبانپورہ اور برکی کے علاقوں میں سے موٹرسائیکلیں چوری کرلی ہیں۔