کرپشن ریفرنس،نیب نے شرجیل میمن کی درخواست پر جواب جمع کرادیا
کراچی (این این آئی)نیب نے پونے چھ ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں شرجیل میمن کی درخواست پر کراچی احتساب عدالت میں جواب جمع کرا دیا۔سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن و دیگر کے خلاف پونے چھ ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس کی سماعت کے دور ان نیب نے اپنے جواب میں کہا کہ ملزمان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال کا ریفرنس دائر کیا گیا تھا، ملزمان نے 2013 سے 2015 کے دوران اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جس کے شواہد موجود ہیں۔نیب نے کہا کہ شرجیل میمن نیاپنے اور بینامی لوگوں کے نام جو غیرقانونی اثاثے بنائے اس کی فہرست بھی پیش کی جا رہی ہے، کسی کے ذاتی مفاد سے متعلق ریفرنس میں کوئی ذکر نہیں ہے۔جواب میں کہا گیا کہ شرجیل میمن کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس بھی دائر ہے، ملزمان اختیارات کے ناجائز استعمال میں مکمل طور پر ملوث ہیں۔نیب نے استدعا کی کہ شرجیل میمن کی درخواست ناقابل سماعت ہے اور مسترد کی جائے۔شرجیل میمن نے درخواست میں موقف اپنایا کہ کس ملزم نے کتنا ذاتی فائدہ حاصل کیا ہے انفرادی طور پر بتایا جائے۔تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر لاہور گئے ہیں، اس وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کیا لندن میں ہے جو تفتیشی افسر پیش نہیں ہو سکتے، تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کر رہے ہیں۔عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 8 ستمبر تک ملتوی کر دی۔عدالت نے شرجیل میمن کے وکلا کو نیب کے جواب کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی۔