• news

کائنات کے ذرے ذرے کو عشقِ رسولؐ سے منور کر نا چاہتے ہیں، پیر نقیب الرحمن

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) محفلِ میلادِ مصطفیؐ کا انعقادہیوسٹن ٹیکساس امریکہ کے مقام پر کیا گیا، صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد نقیب الرحمن نے کی اور اپنے خطاب میں کہا عید گاہ شریف کا ایک ہی مشن ہے کائنات کے ذرے ذرے کو عشقِ رسولِ مقبول   ؐ سے منور کیا جائے اور امتِ کا تعلق اس کے روحانی مرکز مدینہ منورہ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا جائے، پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا حضور نبی رحمتؐ کے جس میلاد پاک میں ہم اکھٹے ہیں یہی وہ عظیم محافل ہیں جو ربِ رحمن کی بے پناہ رحمتوں اور برکتوں کے حصول کا ذریعہ ، مسلمانانِ عالم کو متحد کرنے والی ، احترامِ انسانیت اور ہر قسم کی خیر و خوبی کو فروغ دینے والی محافل ہیں۔ امتِ کے پاس دین و دنیا میں سر خرو ہونے کے لئے غلامیِ رسولِ مقبولؐ کے سوا کوئی راستہ نہیں ۔ زندگی کا ہر معاملہ چونکہ رحمتِ الہی سے مشروط ہے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت حضور نبی کریم ؐ ہیں لہذا حضور نبی کریمؐ کے ارفع و اعلیٰ وسیلے کے بغیر حصول رحمتِ الہی ممکن نہیں ۔ موجودہ وقت کا تقاضا ہے امتِ عشق و اطاعتِ رسولِ کریم ؐسے اپنے عمل و کردار کو سنوارے اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود جو کہ تمام تعلیماتِ نبویؐ کی روح ہے ، کے لئے ہر ممکن کوشش کرے۔ انہوں نے مزید کہا امریکہ کے تبلیغی دورے کا مقصد بھی حضور نبی کریمؐ کی اعلیٰ ترین نورانی تعلیمات کو مخلوقِ خدا تک پہنچانا اور سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی توجہ اس طرف مبذول کروانا ہے کہ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانی دینِ متین کے سپاہی اور وطنِ عزیز کے سفیر ہیں، اختتام درود و سلام کے بعد پیر محمد نقیب الرحمن کی وطنِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی حفاظت و ترقی کے لئے خصوصی دعا پر ہوا ۔ 

ای پیپر-دی نیشن