’’ ایک دن پاک بحریہ کیساتھ‘‘مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ کیلئے خصوصی تقریب
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاکستان نیوی کی جانب سے "ایک دن پاک بحریہ کے ساتھ" کے زیر عنوان لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے لئے پاکستان نیوی وار کالج میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے انعقاد کا مقصد طلباء کو پاک بحریہ کی ذمہ داریوں، تنظیمی ڈھانچے اور دفاعی صلاحیتوں سے روشناس کروانا تھا۔ مختلف کالجز بشمول گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، فضائیہ ڈگری کالج، گیریڑن کالج فار بوائز اور بحریہ کالج لاہور کے تقریبا 200 طالب علموں اور اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی۔کمانڈر سینٹرل پنجاب رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے طلبا سے خطاب کیا اور ان سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔ کمانڈر سینٹرل پنجاب نے اس امر کا اعادہ کیا پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کی بھرپور صلاحیت اور عزم رکھتی ہے، انہوں نے ترقی پذیر ممالک کے لئے میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اور اس سلسلے میں ایک مضبوط بحری فوج کے کردار کو بھی اجاگر کیا۔بعد ازاں تقریب میں پاک بحریہ کے اہلکاروں کی حربی تیاری، ہتھیاروں کی نمائش اورپاک میرینز اور اسپیشل سروس گروپ پاکستان نیوی کی جانب سے اینٹی ٹیررازم ڈیمو کا بھی انعقاد کیا گیا۔