آئی جی پنجاب کی زیرصدارت وکٹم سپورٹ افسران کا ویڈیو لنک اجلاس
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں تحفظ سنٹرز کے وکٹم سپورٹ افسران کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔جس میں لاہور سمیت تمام اضلاع کے وکٹم سپورٹ افسران، انچارجز اور فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، اے آئی جی ایڈمن عمارہ اطہر سمیت سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں پولیس تحفظ مراکز میں تعینات وکٹم سپورٹ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، وکٹم سپورٹ افسران کے مشاہرہ، یونیفارم سمیت انتظامی اور پیشہ ورانہ امور بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وکٹم سپورٹ افسران کو ہسپتالوں میں پولیس خدمت کاؤنٹرز پر تعینات کرنے کی تجاویز زیر غور آئیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وکٹم سپورٹ افسران کو مشکلات کا شکارشہریوں بالخصوص ٹرانسجینڈرز، گھریلو تشدد سے متاثرہ خواتین، بچوں، ذہنی امراض سے متاثرہ افراد اور نشے کی لت کے شکار نوجوانوں ا ور شہریوں کی مدد کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ استحصال و تشدد کی شکار خواتین، بچوں کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، ذہنی امراض، نشے کا شکار افراد کے علاج معالجے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ موثر کوارڈینیشن یقینی بنائیں تاکہ ایسے افراد کو فوری مدد، راہنمائی اور تحفظ فراہم کیا جاسکے۔