پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن جاری
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے۔جس کے تسلسل میں قتل کے مقدمہ میں مطلوب قطر مفرور ہونے والا خطرناک اشتہاری نوید احمد گرفتار کر لیا گیا ہے۔ قتل ، ڈکیتی ، اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث بیرون ملک مفرور اشتہاریوں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا گیا ‘جاری کارروائیوں میں بیرون ملک مفرور ایک اور اشتہاری گرفتار ہوا، گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 112 ہوگئی ہے۔ پنجاب پولیس نے ملزم کی گرفتاری ووطن واپسی کیلئے انٹرپول کی مدد سے ریڈ نوٹس جاری کروایا۔ ائیر پورٹ پر ملزم نوید احمد مزید قانونی کاروائی کیلئے گجرات پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے کیٹیگری کے خطرناک اشتہاری کی گرفتاری پر متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔