انتظامیہ کی غفلت ‘ گورنمنٹ کمرشل کالج شیخوپورہ کے سامنے گندگی کے ڈھیر
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی)میونسپل کمیٹی کے افسروں اوراہلکاروں کی مجرمانہ غفلت کی بناء پر گورنمنٹ کمرشل کالج شیخوپورہ کے داخلی وخارجی دروازوں کے آگے گندگی کے انبار ،اساتذہ کیساتھ ساتھ ،طلباء وطالبات ذہنی کوفت سے دوچار ہونے لگے اہل علاقہ ،انتظامیہ کمرشل کالج نے متعدد بار چیف افسر میونسپل کمیٹی کو شکایات کیں مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ،گورنمنٹ کمرشل کالج کیساتھ گورنمنٹ ایلمنٹری گرلز سکول اور کالج کے بالمقابل ہاکی سٹیڈیم دوسہرہ گرائونڈ بھی موجودہے مگر میونسپل کمیٹی کے عملہ نے اس ایریا کو فلتھ ڈپو بناکر رکھ دیا ہے جبکہ گورنمنٹ کمرشل کالج اورہاکی سٹیڈیم دوسہرہ گرائونڈکے اردگرد سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے یہ علاقہ کرائم کی آماجگاہ بن کر رہ گیا ہے ۔ کالج انتظامیہ ،طلباء وطالبات اور علاقہ مکین سراپا احتجاج بن گئے جبکہ شکایات پر عملدرآمد نہ ہونے پر مذکورہ افسروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔