جج، صحافی ہر انسان کو سچ بولنا چاہیے ، انصاف اسی کی بنیاد پر ہوتا ہے : جسٹس فائز
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے اور معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام قوانین کا مقصد سچ سامنے لانا ہی ہے اور انصاف سچ کی بنیاد پر ہی ہوتا ہے۔ فیصلہ آنے پر کوئی بھی فریق کہہ سکتا ہے کہ فیصلہ ٹھیک نہیں ہوا۔ خبر اور رائے میں فرق ضروری ہے۔ ایک سچائی ہوتی ہے اور ایک رائے ہوتی ہے۔ رائے سے اختلاف کیا جاسکتا ہے، سچ سے کوئی اختلاف نہیں کرسکتا۔ صحافی اور جج ہمیشہ سچ کی تلاش میں رہتے ہیں، سچ بولنا کوئی مشکل کام نہیں، جھوٹ کو یاد رکھنا مشکل ہوتا ہے۔ سچ کو یاد رکھنا آسان ہوتا ہے۔ آئین میں آزادی صحافت کا ذکر ہے۔ صحافی کا مطلب ہے جو سچی خبر پہنچائے۔ صحافی کے پاس سپریم کورٹ اور حکومت سمیت تمام اداروں سے معلومات لینے کا حق ہے۔ ہمارا میڈیا اب بہتر ہو رہا ہے۔ دنیا میں اپنی رائے پر مبنی آرٹیکل لکھنے والے صحافی نہیں ہوتے۔ کیمرہ اٹھانا یا فون اٹھانا یا کسی بھی میڈیا ہاو¿س سے منسلک ہو جانا کسی کو صحافی نہیں بنا سکتا۔ کسی کو بھی رپورٹنگ کے لیے بھیج دیں تو وہ آکر بتا دے گا کہ آج کیا ہوا۔ سچ بتانا صحافی کی ذمے داری ہے۔ اکثر صحافی سچ اور اپنی رائے کو ایک ساتھ ملا دیتے ہیں۔ صحافی کو اپنی رائے کی وضاحت کرنی چاہیے۔ لوگوں کو پتا ہونا چاہیے کہ خبر ہے یا صحافی کی رائے ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مزید کہا کہ صحافی وہ ہے جو تحقیقات کے بعد خبر دے۔ کسی کی بتائی ہوئی بات کو بغیر تحقیق آگے نہیں بڑھانا چاہیے۔ جو عدالت میں موجود ہی نہ ہو اور کسی کی سنی سنائی بات چلا دے تو یہ صحافت نہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ جج، صحافی اور ہر انسان کو ہی سچ بولنا چاہیے۔ دریں اثناءپریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی منتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔ نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا۔ طیب بلوچ نے صدر، نوائے وقت کے سینئر صحافی اعظم گِل نے جنرل سیکرٹری کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں منعقد ہوئی۔ حلف اٹھانے والے دیگر عہدیداران میں پریس ایسوسی ایشن کے نائب صدر اللہ داد صدیقی، سیکرٹری مالیات ابرار استوری، سیکرٹری اطلاعات شہر یار شعیب، چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی ناصر کاظمی، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی سعید بلوچ اور وسیم ملک شامل ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پریس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ جبکہ ایسوسی ایشن کے صدر طیب بلوچ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو شیلڈ پیش کی اور شکریہ ادا کیا۔ حلف برداری کی تقریب میں پریس ایسوسی ایشن کے ممبران اور دیگر سنئیر صحافیوں نے شرکت کی۔
فائز عیسیٰ