• news

دوسرا ون ڈے: پاکستانی فاسٹ بائولرز، افغان سپنرز کے درمیان آج پھر مقابلہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور افغانستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج سری لنکا میں کھیلا جائیگا۔  ڈے اینڈ نائٹ  میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر دو بجکر 30منٹ پر شروع ہوگا۔گرین شرٹس کو افغا نستان کیخلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔ آج پھر پاکستانی فاسٹ بائولرز اور افغان سپنرز کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ فاسٹ بائولر حارث رئوف نے کہا ہے کہ الحمدللہ اہلیہ میرے لئے خوش قسمت ثابت ہوئیں۔ کسی بھی سیریز میں ایسی شروعات ہونا بہت ضروری اور اچھا ہوتا ہے۔ آگے ایشیا کپ اور ورلڈکپ ہے تو اس سے اعتماد حاصل ہوگا۔ شاہین آفریدی نے جس طرح نئی بال سے بائولنگ کی تو  انہیں دیکھ کر اعتماد ملتا ہے، جیسے وہ جلدی وکٹ لیتے ہیں تو میری بھی کوشش ہوتی ہے کہ اسی تسلسل کو برقرار رکھوں۔ بیٹر امام الحق نے کہا کہ مجھے دکھ اس وقت ہوتا تھا جب لوگ فیملی کیساتھ ڈنر پر یاکہیں بھی  دیکھ کر پرچی کہتے تھے۔  جب والدین کیساتھ باہر نکلتا یا ڈنر کیلئے جاتا تھا تو لڑکے لڑکیاں منہ پر پرچی کہتے تھے جو کہ بہت برا لگتا تھا، میرے والدین نے آج تک میرا میچ گرائونڈ میں بیٹھ کر نہیں دیکھا ان کا بہت دل کرتا ہے لیکن مجھے ڈر لگتا ہے کہ میں اگر بائونڈری کے پاس کھڑا ہوں تو میری امی سٹیڈیم میں بیٹھ کر پرچی کی آواز نہ سنیں، یہ نعرے میرے لئے نارمل ہیں لیکن والدین کو اچھا نہیں لگے گا۔

ای پیپر-دی نیشن