الیکشن کمشن کے اختیارات نہیں لینا چاہتے ، چند روز میں معاشی بحالی کا پروگرام دینگے : مرتضی سولنگی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جس تاریخ کا اعلان کرے گا، اس پر انتخابات کرائیں گے، الیکشن کمیشن کے موقف کے پیچھے کھڑے ہیں، ہم الیکشن کمیشن کے اختیارات نہیں لینا چاہتے، آرٹیکل 218 (3) کے تحت آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی بھرپور مدد کریں گے۔ جمعرات کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آرٹیکل 51 کے تحت الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے اور اس نے شیڈول بھی دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، الیکشن کمیشن اگر سمجھتا ہے کہ نگران حکومت آزادانہ، منصفانہ، شفاف انتخابات کرانے میں ہماری مدد کرے تو ہم مدد کریں گے۔ معاشی صورتحال سے متعلق سوال پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ معاشی بہتری کیلئے پوری کوشش کر رہے ہیں، نگران وزیر خزانہ چند دن میں معاشی بحالی کا پروگرام پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جس حالت میں ملک ملا ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ اس سے بہتر حالت میں ملک منتخب نمائندوں کو دے کر جائیں۔ علاوہ ازیں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سے جمعرات کو وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔ دونوں وزراءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن کی ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ وزارت داخلہ پہنچنے پر نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا خیرمقدم کیا۔
سولنگی