طاقت کے زور پر سب کچھ تبدیل کرنے کے دعویدار غلط فہمی دور کرلیں ، وزیراعظم
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی،نوائے وقت رپورٹ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پیچیدہ ریسکیو آپریشن کی کامیابی کیلئے بہترین حکمت عملی تیار کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے، طاقت کے زور پر اپنی بات منوانے کے خواہشمند غلط فہمی دور کر لیں ایسا کچھ نہیں ہو گا، نگراں حکومت کی ذمہ داری انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بٹگرام چیئرلفٹ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والوں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کیونکہ چیئرلفٹ حادثہ کے طالب علموں کو اللہ تعالی نے نئی زندگی دی ہے۔ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد پوری قوم پریشانی اور خوف و خدشات کا شکار تھی کیونکہ ان طالب علموں کی زندگی کا معاملہ تھا۔ یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور یہ پاکستان کا چہرہ ہیں، ہم نے مربوط انداز میں کوشش کرکے اپنے مستقبل کو بچایا، یہ بچے میرے بیٹے جیسے تھے، ان کو اس حالت میں دیکھ کر افسردگی بڑھ جاتی۔ پوری دنیا کی نظریں اس بات پر تھیں کہ پاکستان اس مشکل سے کیسے نمٹے گا۔ مشکل موسم اور صورتحال کے باوجود بھرپور منصوبہ بندی اور مربوط طریقے سے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا، طالبعلموں کا امداد کیلئے آنے والے فوجی جوانوں کو دیکھ کر حوصلہ بلند ہوا، یہ کامیابی ہم سب کا اجتماعی کریڈٹ ہے، پوری قوم نے ان بچوں کی زندگیوں کیلئے دعائیں کیں، اللہ تعالی نے ہماری اجتماعی دعائیں قبول کیں، ہمارا ایمان ہے کہ فیصلے آسمان پر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلخ واقعات ہماری زندگی میں آتے رہتے ہیں، گذشتہ روز وزیرستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، پاک فوج، پولیس، سیاستدانوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم اپنے شہدا کو نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہدا ہمارے خونی رشتہ داروں سے بڑھ کر ہیں، ہمارا ان کے ساتھ مضبوط سماجی معاہدہ ہے، پاکستانیت وسیع لفظ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہریوں کو صحت، تعلیم کی سہولیات، روزگار اور باعزت زندگی کا موقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ بزور طاقت سب کچھ تبدیل کر دیں گے، انہیں اپنی غلط فہمی دور کر لینی چاہئے، ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا گھر ہے، گھر کا نظام بااختیار اور باصلاحیت لوگوں کے پاس ہے، 80 ہزار شہدا کے پورے خاندان ہیں، ان کا درد الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، صرف وہ محسوس کر سکتا ہے جو اس سے خود گزرا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کیلئے قربانیاں دینے والوں کو عزت و احترام دیتے ہیں، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، قرآن پاک میں شہدا کا عظیم رتبہ بیان کیا گیا ہے، ہم اپنے شہدا کے مقروض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کے پاس محدود وقت ہے، انتخابات میں معاونت فراہم کرنا ہمارا مینڈیٹ ہے لیکن بطور شہری مجھے بھی اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کہا کہ 22 اگست کو چیئرلفٹ حادثہ کے آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر اداروں اور مقامی افراد کی کارکردگی قابل تعریف رہی، تمام اداروں نے مربوط انداز میں آپریشن کامیابی سے مکمل کیا، این ڈی ایم اے ناگہانی آفات اور حادثات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق نے بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن میں حصہ لینے والے ایس ایس جی کمانڈوز سمیت دیگر اداروں کے اہلکاروں اور مقامی افراد میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت خارجہ کا بھی دورہ کیا۔ وزارت خارجہ پہنچنے پر وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سینئر افسران نے استقبال کیا۔ سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے وزیراعظم کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو وزارت خارجہ کی جانب سے بیرون ملک کام کرنے اور مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لئے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ مل کر کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ وزارت خارجہ اور دیگر تمام قومی سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مقاصد، سلامتی، تجارتی اور اقتصادی اقدامات میں ہم آہنگی کی جامعیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے ایک متحرک خارجہ پالیسی اور دیگر ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے اپنے وژن کا اظہار کیا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بلوچستان کے ایک وفد نے ملاقات کی ۔وفد نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔وفد میں سینیٹر احمد خان، حاجی محمد اسماعیل اور راجہ عبد الرحیم شامل تھے۔وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے بی بی سی نیوز کی بیورو چیف ساو¿تھ ایشیا جیکی مارٹینز نے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں بی بی سی کی موجودگی میں توسیع کے بارے میں آگاہ کیا۔ ملاقات میں نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی اورنگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بھی موجود تھے۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے ملاقات کی۔ملاقات میں ملک کی موجودہ معاشی اور اقتصادی صورتحال پر تفصیلی گفتگوکی گئی۔نگراں وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو اپنی وزارت کی کارگردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعظم آزاد ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیانگران وزیراعظم نے چوہدری انوار الحق کو پاکستان کی جانب سے کشمیر کے لیے غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا ۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران سیاحت کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انوارالحق کاکڑ نے وزیراعلیٰ کی گلگت بلتستان کے دورے اور قانون ساز اسمبلی سے خطاب کی دعوت قبول کر لی، انہوں نے کہا بہت جلد گلگت بلتستان کا دورہ اور گلگت بلتستان یونیورسٹی کے طلباءسے ملاقات کروں گا، وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور اور مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔