• news

منشیات مافیا کیخلاف کریک ڈاو¿ن تیز،محسن نقوی : وزرا 7 روز سیلاب متاثرہ علاقوں میں رہیں گے 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیرصدارت سکولوں میں تدریسی اور انتظامی بہتری کیلئے اجلاس میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے سکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سکولوں کی اپ گریڈیشن کے پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔ اپ گریڈڈ سرکاری سکولوں کا نام ”پنجاب پبلک سکولز“ رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈویژن میں ایک گرلز اور ایک بوائز سکول کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ پنجاب میں 216 سرکاری سکولوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ماڈل سکول کے اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کیلئے لمز اور یو ایم ٹی میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ سرکاری سکولوں کا تدریسی و انتظامی معیار بہترین نجی سکولوں کے برابر لایا جائے گا۔ محسن نقوی کی زیرصدارت ایک اور اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں منشیات کی خرید و فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن مزید تیز کرنے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ منشیات مافیا کی سرکوبی کیلئے پولیس بلاامتیاز کارروائی جاری رکھے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے مکروہ دھندے کو روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔ ہم نے نئی نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا تعلیمی اداروں میں منشیات فروشوں کی نشاندہی کیلئے مانیٹرنگ شروع ہو چکی ہے۔ عوام فرینڈز آف پولیس ایپ پر منشیات فروشی کی خفیہ اطلاع دے سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا اور مراکہ کے قریب پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کا 80 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو اگلے ماہ تک 100 فیصد مکمل کرنے کا ٹاسک دیا۔ نجی کمپنی کے کنٹریکٹر نے پراجیکٹ کو ستمبر کے آخری عشرے میں مکمل کرنے کی گارنٹی دی اور پراجیکٹ بریف پر دستخط کئے۔محسن نقوی کی زیرصدارت کابینہ کے 24 ویں اجلاس میں وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کیلئے وزراءکو اگلے 7 روز فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ای پی کے ذریعے موٹر وہیکل ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی پر 5 فیصد رعایت جون 2024ءتک برقرار رہے گی۔ کارڈیک انسٹیٹیوشنز اور ٹریژری کیئر ہسپتالوں کے کارڈیک یونٹس میں انجیو گرافی سروسز کو آﺅٹ سورس کرنے کی بھی منظوری دی۔ فیصل آباد‘ گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی پراجیکٹس کو رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ رام پیاری محل گجرات کی تاریخی بلڈنگ کی بحالی و تحفظ کا انتظام لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ محکمہ ایکسائز کے ڈیلر وہیکل رجسٹریشن سسٹم کے کنرٹیکٹ ملازمین کی ملازمت میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پراونینشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کے مستقل صدر کی بھرتی اور قائم مقام پوسٹنگ کے امور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔ مزار بابا بلھے شاہ قصور کی تزئین و آرائش اور تعمیر و بحالی کیلئے فنڈز کی منظوری دی۔

ای پیپر-دی نیشن