• news

مہنگی بجلی کیخلاف عوام باہر نکل اائے، کئی شہروں میں احتجاج ، بل جلادیئے

کراچی، نارووال، بھیرہ، گڑھ مہاراجہ،حافظ آباد،گوجرانوالہ( نوائے وقت رپورٹ، نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار،نمائندہ خصوصی )کراچی میں ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں نے بجلی کے اضافی بل ادا کرنے سے انکار کر دیا۔ ٹمبر مارکیٹ کے تاجروں نے بجلی کا کنکشن کاٹنے کیلئے آنیوالے کے الیکٹرک کے عملے پر تشدد کیا۔ تاجر رہنمائوں نے کہا کہ بجلی کے اضافی بل کسی صورت ادا نہیں کریں گے۔ بل ٹھیک کئے جائیں۔ اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے حکومت اور نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت کا تعین کیا جاتا ہے۔ کے الیکٹرک کا عملہ ٹمبر مارکیٹ میں نادہندگان کی بجلی کاٹنے گیا تھا۔ عہدیداروں کے رویئے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ قانونی کارروائی کا حق رکھتے ہیں اور قانونی کارروائی بھی کرینگے۔ نارووال میں لبرٹی مارکیٹ کے دکانداروں نے بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ اور ٹیکسز کیخلاف علامتی ہڑتال کی اور چوک فاروقیہ حسینیہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور بجلی کے بلز کو بھی جلایا گیا۔بعد ازاں بجلی کے بلز کو بھی جلایا گیا اور احتجاجی مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔بھیرہ سے نامہ نگار کے مطابق شہریوں نے چوک دروازہ چکوالا میں شدید احتجاج کرتے ہوئے بجلی کے بل لہرائے اور نعرہ بازی کی ۔گڑھ مہاراجہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق انجمن تاجران گڑھ موڑ نے بلوں میں ناجائز ٹیکسز کیخلاف مین بازار سے چوک گڑھ موڑ تک احتجاج ریلی نکالی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج میں خواتین سمیت ہر طبقہ کے لوگوں نے بھرپور حصہ لیا اور نگران حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ۔حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بجلی کے بلوں میں ناجائز اضافہ اور ہوشرباء مہنگائی کے خلاف عوام کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن بھی سراپا احتجاج بن گئی۔ ڈسٹرکٹ بار کا اجلاس صدر بار ملک وقاص رضا اعوان کی زیر صدارت ہوا۔ جس میں وکلاء نے بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے ہونے والی خودکشیوں اور بجلی بلوں میں ناجائز اضافے ، اشیائے خورونوش کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں اور لاء اینڈ آرڈر کی ناگفتہ بہ صورتحال پر حکومت وقت کی پالیسیوںکی بھرپور مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ عوام کو فوری طور پر ریلیف فراہم کیا جائے ،بصورت دیگر وکلاء کمیونٹی ملک گیر احتجاج پر مجبور ہوگی۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے، بل نذر آتش، جماعت اسلامی نے آج گیپکو آفس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا ، مظاہرین کا کہنا تھا مہنگائی کے اس دور میں دو وقت کی روٹی کھانا بمشکل ہے اور اوپر سے بجلی کے بلوں نے انکی کمر توڑ کر رکھ دی ہے ،بجلی، گیس ، پٹرول ،ادویات سمیت ہر چیز اس قدر مہنگی ہو ئی ہے جو غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہے ،لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن