پاکستان ‘ عراق ہوا بازی شعبہ میں تعاون بڑھانے کے طریقے تلاش کرنے پر متفق
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) پاکستان میں عراق کے سفیر حامد عباس لفتہ نے وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی ایئر مارشل (ر) فرحت حسین خان سے ملاقات کی، ان کے ہمراہ پاکستان میں عراق کے سفارت خانے کے اہلکار بھی تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں عراق کے سفیر نے کہا عراق پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی نے کہا دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مذہب اور ثقافت کی بنیاد پر خوشگوار تعلقات ہیں۔ اربعین کے دوران حجاج کو سہولت فراہم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اربعین کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے عراقی ایئرویز کو اضافی پروازوں کی اجازت دینے کے لیے عراقی جانب سے درخواست کی گئی تھی۔ ایئر لائن کو اضافی پروازوں کی اجازت دے دی گئی۔ دونوں اطراف نے ہوا بازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے طریقے تلاش کرنے کے لیے مستقبل میں تعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا۔