پاکستان کیساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں کرینگے،امریکی قونصل جنرل
کراچی( نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں مقرر امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ کام کیا جائیگا۔کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد بات چیت کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ یہ دورہ امریکی عوام کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مضبوط مشترکہ تعلقات کے عزم کا اعادہ ہے۔پاکستان کیساتھ سرمایہ کاری بڑھانے کے طریقے تلاش کرنے، وسیع الشراکتی کاروباراور تعلیمی مواقع کیلئے سازگار حالات پیدا کرنے میں تعاون اس عزم کا حصہ ہے۔امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل نے مزار قائد کے دورے کے دوران مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بانی پاکستان اور ان کے عظیم ورثہ کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ مزار قائد پرحاضری دے کر محمد علی جناح کے عظیم ورثے کو خراج عقیدت پیش کرنا باعث فخر ہے، امریکا بانی پاکستان کے متحد اور جمہوری سماجی انصاف یکساں معاشی مواقع اور برابری کے اصولوں پر مبنی پاکستان کے اعلیٰ مقصد سے متفق ہے اور اسے نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ اقدارہمیں بھی یکساں عزیز ہیں۔قونصل جنرل ٹربل نے مزار کے بعد لیاقت علی خان اور قائد اعظم کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کے مزاروں پر بھی حاضری دی اور مزار سے ملحقہ میوزیم کا دورہ کرکے قائد اعظم محمد علی جناح کی کثیرالجہتی زندگی سے منسوب نوادرات کا مشاہدہ کیا۔