چوہنگ: لڑکی قتل کرنے والے ملزم نے پکڑے جانے کے خوف سے خودکشی کر لی
لاہور (نامہ نگار) چوہنگ میں دو روز قبل باپ کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار16 سالہ بیٹی کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزم نے پولیس چھاپے پر پکڑے جانے کے خوف سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ سابق ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمشن عبدالغفار کی بیٹی عیشا فاطمہ کو فائرنگ کر کے قتل کرنے والے ملزم حنان کی گرفتاری کیلئے پولیس نے منڈی بہاؤالدین اس کے گھر پرچھاپہ مارا۔ اس دوران پولیس گرفتاری سے بچنے کے لیے مبینہ طور پر ملزم حنان نے خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم حنان منڈی بہاؤالدین کا رہائشی تھا اور مقتولہ کے ساتھ لاہور میں پڑھتا تھا اور دونوں کی آپس میں گہری دوستی تھی۔ چند ماہ قبل مقتولہ نے اس سے تعلق ختم کر دیا تھا۔ جس کا اس کو رنج تھا۔ جس کی پاداش میں اس نے عیشا کو والد کے ساتھ موٹر سائیکل پر ٹیوشن جاتے ہوئے سر میں گولی مار کر قتل کر دیا اور فرار ہوگیا تھا۔