• news

میڈیا ‘ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعلقات کو مضبوط ‘موثر بنایا جائیگا: عمر فاروق کالسن

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا عمر فاروق کالسن نے کہا  ہے کہ میڈیا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعلقات کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جائیگا۔ اخبارات، ٹیلیویژن چینلز اور سوشل میڈیا کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ملکی کرکٹ کی بہتری، قارئین، ناظرین اور پرستاروں کو بہترین مواد فراہم کرنے کے لیے رابطہ کا ہر ذریعہ بہتر انداز میں استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ میڈیا نے ہر دور میں کھیل کے فروغ میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف لاہور (سجال) کے ارکان سے سجال آفس میں ایک ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سجال کے صدر عقیل احمد، سیکرٹری چوہدری اشرف سمیت ارکان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پی سی بی کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن کے نئے سربراہ عمر فاروق کالسن کو سجال کے آفس میں سینئر ارکان نے گلدستہ دیتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ عمر فاروق کالسن نے کہا کہ پی سی بی نے میڈیا کیلئے واضح پالیسی بنائی ہے۔ میڈیا کوجامع  معلومات بروقت مہیا کی جائیگی۔ اخبارات، ٹیلیویژن  چینلز اور سوشل میڈیا کی ضروریات اور تقاضوں سے واقف ہوں لہذا کوشش ہے کہ میڈیا کو ہر طرح کی سہولیات مہیا کی جائیں۔ پاکستان اور افغانستان کے مابین جاری سیریز کے بعد ایشیا کپ کی برانڈنگ کی جائیگی۔ حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے۔ ایشیا کپ کی ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے دلچسپی سب کے سامنے ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ہر وقت میڈیا کیلئے حاضر ہے۔ صرف یہ درخواست کرتا ہوں کہ کسی بھی خبر کو نشر یا شائع کرتے ہوئے پی سی بی کا موقف ضرور لیا جائے تاکہ کسی بھی قسم کے ابہام اور غلط فہمی سے بچا جا سکے۔ عوام تک درست معلومات پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن