بھارت کا چاند پر جانا سائنسی فتح ، برکس میںشمولیت کی درخواست نہیں دی :پاکستان
اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پا کستان نے برکس بلاک میں شمولیت کیلئے کوئی درخواست نہیں دی۔ پڑوسی ملک بھارت کا چاند پر جانا اہم سائنسی فتح ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے چاند پر جانے پر بھارتی سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو ) تعریف کا مستحق ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے جمعرات کو وزارت خارجہ کا دورہ کیا تھا جس دوران وزیراعظم کو پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے وزارت خارجہ کو اپنا خارجہ پالیسی کا تصور دیا اور نگران وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور بیرونی مشنز کو اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات دینے کی ہدایات جاری کیں۔ سعودی عرب کے وزیر حج نے گزشتہ ہفتے پاکستان کا دورہ کیا، سعودی وزیر حج سے پاکستانی زائرین کو حج و عمرہ میں سہولیات دینےکے امور پربات چیت ہوئی اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اور حکومت پاکستان کے درمیان حج کے حوالے سے معاہدہ بھی ہوا۔ بھارت کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر کہا کہ ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی سے ایک 60 سال کا شہری شہید ہوا، بھارت نے فائرنگ کر کے دونوں ملکوں کے درمیان 2003ءکے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ پاکستان نے اس واقعے پر بھارت سے سخت الفاظ میں احتجاج کیا اور پاکستان نے بھارت کو سیز فائر معاہدے پر عمل کرنے پر زور دیا۔ پاکستان کی بھارت میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کی تفصیلات پاکستان کرکٹ بورڈ طے کر رہا ہے۔ ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جنوبی افریقا میں ہونے والی برکس سمٹ کی پیشرفت سے پاکستان آگاہ ہے لیکن پاکستان نے برکس بلاک میں شمولیت کے لیے کوئی درخواست نہیں دی۔ انہو ں نے کہا کہ برکس کو عالمی امن و یکجہتی کے لیے کام کرنا چاہیے اور برکس کا فورم کثیرالملکی ہونا چاہیے۔
پاکستان