• news

اقتدار منتقلی اور آئینی تسلسل بر قرار رکھنا ہماری ذمہ داری : وزیراعظم 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت ،سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری انتخابی عمل کیلئے الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔امریکی سفیر نے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پاکستان کے اقتصادی اور ترقیاتی ایجنڈے کی حمایت کے لئے امریکا کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں جن کی جڑیں باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور مشترکہ اقدار میں ہیں۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی حکومت کی خواہش کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نگراں حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ انتخابی عمل میں الیکشن کمیشن کی مدد کرے اور جمہوری طریقے سے اقتدار کی منتقلی کے حوالے سے آئینی تسلسل کو برقرار رکھے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے امریکا کے کردار کو سراہا اور پائیدار ترقی کے حصول کے لئے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مزید امریکی کمپنیاں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں گی اور خاص طور پر پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھائیں گی۔ وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستانی۔امریکی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان عوامی رابطے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ چیف آف ایئر سٹاف نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ کے پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی۔ برطانیہ میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے ملاقات کی ہے۔وزیرِ اعظم نے ڈاکٹر فیصل کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم سے پاکستان اور برطانیہ کے سفارتی تعلقات میں مزید بہتری کے لیے ہدایات لیں۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری کی زیر قیادت جمیعت علما اسلام (ف) کے چودہ رکنی وفد نے وزیراعظم ہاﺅس میں ملاقات کی۔جے یو آئی (ف) کے وفد نے انوار الحق کاکڑ کو وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد میں بٹگرام سے تعلق رکھنے والے رہنماﺅں نے چئیرلفٹ واقعہ میں متعلقہ حکام کی مثر اور بروقت کارروائی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کی طرف سے ہدایات جاری کی گئیں کہ ملک بھر میں تمام چئیر لفٹس کی کڑی جانچ پڑتال اور حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 3 روزہ دورہ پر بلوچستان پہنچ گئے، وزیر اعلی بلوچستان نے استقبال کیا، نگران وزیر اعظم گورنر، سیاسی عمائدین ، قبائلی شضصیات سے ملاقاتیں کریں گے، اپنے آبائی علاقہ بھی جائیں گے۔ 



ای پیپر-دی نیشن