مقبوضہ کشمیر: محاصرے، تلاشی کارروائیاں جاری، عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف آج مکمل ہڑتال ہوگی
سرینگر‘جموں(این این آئی)’’ جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جے سی سی آئی) نے جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر ضلع سانبہ کے علاقے Sarore میں ٹول ٹیکس کی وصولی اور سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف آج بروز ہفتہ جموں میں ہڑتال کی کال دی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کا اعلان چیمبر کے صدر ارون گپتا نے جموں میں ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اور جموں بار ایسوسی ایشن بھی ہڑتال کی کال کی حمایت کر رہے ہیں۔جبکہ سرینگر کے مختلف حصوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تحریک مزاحمت کی علامت سید علی گیلانی کو ان کی شہادت کی دوسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کریں۔دوسری جانب ضلع بانڈی پورہ میں بھارتی پولیس نے ایک شخص کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے ضلع کے علاقے ناد یہال میں حق خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں محبوب الانعام شاہ نامی شخص کی چار مرلہ اراضی ضبط کر لی۔