پہلی بار انٹر بنک میں ڈالر301روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا‘ سونا 2900روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹر) ملکی تاریخ میں پہلی بار انٹر بنک میں ڈالر301روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر314روپے پر برقرار رہا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز بھی انٹربنک میں روپے کے مقابلہ ڈالرکی قیمت میں تیزی رہی۔ سٹیٹ بنک کے مطابق انٹر بنک میں جمعہ کو ڈالر کی قدر 78پیسہ اضافہ سے301روپے کی سطح پر آگئی۔ یورو کی قیمت فروخت1روپے کی کمی سے341 اور برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت 3روپے اضافہ سے 399روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 84روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت87روپے رہی۔ عالمی مارکیٹ میں جمعہ کو سونے کی فی اونس قیمت 4ڈالرز اضافہ سے1919 ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں اضافہ کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 2900 روپے بڑھ کر 2لاکھ 35ہزار 500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 2486روپے بڑھ کر 2لاکھ 1ہزار 903 روپے رہی جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 50روپے کے اضافے سے 2850 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔