لاہور‘ راولپنڈی میں موسلادھار بارش‘ چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق‘ 3 ز خمی
لاہور‘ راولپنڈی (جنرل رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) شہر میں ہونے والی بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔ بارش کے باعث لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ، حبیب اللہ روڈ، شاہدرہ، بادامی باغ، گرومانگٹ روڈ، تاج پورہ، بلال کالونی کے علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ مغل پورہ، مصطفیٰ آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی کے متعدد علاقوں میں بھی بجلی بند ہو گئی۔ راولپنڈی میں رات گئے موسلا دھار بارش شہر و کینٹ کے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ لوگوں نے رات جاگ کر گزاری، کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق، ایک خاتون اور 2 بچے زخمی ہو گئے۔ راولپنڈی شہر و کینٹ کے علاقوں ڈھوک کالا خان، ٹاہلی موہری، چک جلال دین،گرجا روڈ، دھمیال، مری روڈ، مریڑ حسن ڈھوک چراغ دین، غوثیہ چوک، جان کالونی، پشاور روڈ لین نمبر4، مسلم کالونی، صادق آباد کے علاقوں میں بارش کا پانی گلیوں اور سڑکوں پر کھڑا ہو گیا۔ تیز بارش کے باعث شہریوں نے رات جاگ کر گزاری۔ چک جلال دین میں کچے مکان کی چھت گر گئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ گھر میں موجود اہل خانہ دب گئے، جن میں ایک35سالہ شخص سلطان محمود جاں بحق، ایک خاتون اور 2 بچے زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 کے اہلکارروں نے نکالا اور ہسپتال پہنچا دیا۔