پی پی ڈی بی کا اجلاس، 12 ارب 9کروڑ 49لاکھ 5ہزار روپے فنڈ کی منظوری
لاہو ر(کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2023-24کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے بارہویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 3ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 12 ارب 9کروڑ 49لاکھ 5ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ افتخار علی سہو نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ملتان کیڈٹ کالج کے قیام کیلئے 1 ارب 91کروڑ 11لاکھ 45ہزار روپے، فیصل آباد میں اولڈ جھل کھنوآنہ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی بحالی، ڈسٹری بیوشن سنٹر کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 7ارب 75کروڑ 13لاکھ روپے اور ساہیوال نارتھ زون میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 43کروڑ 24لاکھ 60ہزار روپے شامل ہیں۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ نادر چٹھہ سمیت چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی، محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔