• news

چیئرمین پی ٹی آئی نے بغاوت کرانے کی کوشش کی، پارٹی پر پابندی لگ سکتی ہے: پرویز خٹک

پشاور ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے سربراہ پرویز خٹک نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی فوج کیخلاف بغاوت کرانا چاہتے تھے، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ہمارا بہت ساتھ دیا تھا لیکن آخر میں ہاتھ کھڑے کردئیے۔پشاور میں پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے وائس چیئرمین محمود خان کے ہمراہ صحافیوں سے ملاقات میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے جنرل (ر) فیض حمید اور قمر جاوید باجوہ نے ماحول بنایا لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نہیں مانے، جنرل (ر) باجوہ  نے کہا کہ شہباز شریف  لکھ کر دیں گے کہ اسمبلی تحلیل ہوگی، انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا کہ دھرنا ختم کرو لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نہیں مانے۔عمران خان 18 ویں  ترمیم کے خلاف تھے، حکومت اعظم خان چلاتے تھے باقی مدد کرتے تھے۔پی ٹی آئی ایک مجرم پارٹی ثابت ہوسکتی ہے جس پر پابندی لگ سکتی ہے۔جب کوئی حکومت میں نہیں ہوتا تو کیسز  بنتے ہیں، نیب اسی لیے بنی ہے، مجھے الیکشن فروری میں ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے لیے چار کیسز مسائل کھڑے کرسکتے ہیں، ان کیسز میں توشہ خانہ، سائفر، منی لانڈرنگ اور 9 مئی کا کیس شامل ہے، 9 مئی سب سے خطرناک کیس ہے جو فوجداری کیس بنتا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن