• news

پنجاب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکامـ القاعدہ کے 2کمانڈروں سمیت 8دہشت گرد گرفتار

لاہور (نامہ نگار + آئی این پی) سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 74خفیہ آپریشنز کئے گئے۔ 74مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں کے 8 دہشت گردوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں لیاقت خان‘ محمد حسن‘ شان فراز‘ گل کریم‘ ایوب خان‘ محمد عمیر‘ امیر معاویہ اور رضوان صدیق شامل ہیں جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان‘ داعش‘ سپاہ صحابہ پاکستان‘ لشکرجھنگوی اور القاعدہ سے ہے۔ حسن‘ شان فراز القاعدہ کے کمانڈر ہیں۔ گرفتاریاں راولپنڈی‘ لاہور‘ ملتان اور گوجرانوالہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئیں۔ دہشتگردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد 1200 گرام، ہینڈ گرنیڈ 2، آئی ای ڈی بم 1، ڈیٹونیٹرز 9، حفاظتی فیوز تار 29 فٹ، ممنوعہ کتابیں 4، کالعدم تنظیم کا  ایک میگزین، 21پمفلٹس، 30  سٹیکرز، 2 جھنڈے، ایک  رسید بک اور 21647 روپے نقدی برآمد  کئے گئے ہیں۔ ترجمان نے کہا دہشتگرد اہم تنصیبات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ ان کے خلاف راولپنڈی‘ لاہور‘ ملتان اور گوجرانوالہ میں 7 ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کے لیے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ رواں ہفتے کے دوران مقامی پولیس اور سکیورٹی اداروں کی مدد سے سی ٹی ڈی پنجاب نے336کومبنگ آپریشنز کیے گئے ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 16784 افراد کو چیک کیا گیا۔ 135 مشتبہ افراد کو گرفتار111 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن