• news

ایف آئی اے کی ایک گھنٹہ تفتیش، چیئرمین پی ٹی آئی نے سائفر گم ہونے کا اعتراف کرلیا

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ایف آئی اے کی تین رکنی ٹیم نے ڈسٹرکٹ جیل اٹک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج سائفر کیس سے متعلق تحقیقات کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے ایاز خان کی سربراہی میں ٹیم نے ایک گھنٹے تک سائفر، اس کی گمشدگی، سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے بیان اور سائفر سے متعلق لیک آڈیو کے حوالے سے سوالات پوچھے‘ سابق وزیراعظم نے تفتیشی ٹیم کے سامنے سائفر گم ہونے کا اعتراف بھی کیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم کی اٹک جیل آمد کے موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے تھے۔ دریں اثناء سائفر گمشدگی کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف درج مقدمے کی ایف آئی اے تیزی سے تفتیش میں مصروف ہے تاکہ چالان مرتب ہو سکے۔ ایف آئی اے نے 15 اگست 2023ء کو عمران خان‘ شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس درج کیا تھا جس کے بعد شاہ محمود قریشی باضابطہ گرفتار کر لئے گئے تھے جبکہ عمران خان کی بھی سائفر کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی تھی، یہ مقدمہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن