وزیر آباد میں سفاک باپ نے ساتھی سے مل کر بیوی اور بیٹی کو قتل کر دیا
وزیرآباد (نامہ نگار) وزیر آباد دوہرے قتل کی واردات، بے رحم باپ نے اپنے ساتھی کے ہمراہ مل کر بیٹی اور بیوی کو کلہاڑیوں کے وار کرنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب، تھانہ صدر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ریسکیو 1122کے عملہ نے ڈسٹرکٹ ہسپتا ل وزیرآباد منتقل کر دیا۔ وزیر آباد کے علاقہ رحیم پورہ الہ آباد میں بے رحم شوہر نے اپنے ساتھی کے ہمراہ ملکر بیوی ارشاد اور13سالہ بیٹی زہرہ کو کلہاڑیوں کے وار کرنے کے بعد گولیاں مار کر قتل کر دیا‘ سیالکوٹ ساہووالہ کی ارشاد بی بی نے وزیر آباد محمد نگر کے بلال مہر نامی شخص سے شادی کر رکھی تھی اور رحیم پورہ آلہ باد میں کرایہ کے مکان میں مقیم تھی ملزم بلال کچھ عرصہ قبل کویت سے وطن واپس آیا تھا‘ صبح سویرے ملزم بلال نے گھریلو رنجش پر طیش میں آ کر اپنی بیٹی زہرہ اور بیوی ارشاد بی بی کو کلہاڑیوں کے وار کر کے زخمی کیا اور بعد ازاں ساتھ موجود ساتھی اسفر شہزاد کے ہمراہ گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ملزم بلال کے بیٹے علیان نے گھر سے باہر بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ تھانہ صدر پولیس نے مقتولہ ارشاد بی بی کے بھائی افضال احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان کی تلاش کے لیے ڈی ایس پی سرکل وزیرآباد چوہدری سعید احمد نے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزم بلال کویت فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
دوہرا قتل