اعجازالحق کا حافظ عبدالرؤف کے ہمراہ جامعہ اشرفیہ لاہور کادورہ ،مختلف امور پر گفتگو
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ممتاز سیاستدان اورپاکستان کے سابق صدرضیا ء الحق کے بیٹے اعجازالحق نے حافظ عبدالرؤف کے ہمراہ ملک کے معروف دینی ادارہ جامعہ اشرفیہ لاہور کادورہ کیا اورمہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی،نائب مہتمم وناظم اعلی مولاناقاری ارشد عبید،مولانا حافظ اسعد عبیداورمولانا مجیب الرحمن سمیت دیگر علما ء سے ملاقات کی اورمختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ضیا ء الحق کی اسلام اور ملک و قوم کیلئے خدمات اورنفاذ شریعت کیلئے مخلصانہ کوششیں ناقابل فراموش اور تاریخ کا روشن حصہ ہیں۔ ضیا ء الحق اور ان کے خاندان کا جامعہ اشرفیہ لاہور کے ساتھ درینہ تعلق ہے اور ضیا ء الحق کا نکاح بھی میرے والد بانی جامعہ اشرفیہ حضرت مولانا مفتی محمد حسن نے پڑھایاتھا۔ اعجازالحق نے کہا کہ جامعہ اشرفیہ لاہور کے ساتھ ہمارے خاندان کا والہانہ عقیدت و محبت تعلق ہے اور اس کا علمی وروحانی فیضان پور ی دنیا میں جاری ہے۔