حکومت ، ادارے مہنگائی کنٹرول کریں ،عوام کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے:احمد محمود
لاہور(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر،سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ حکومت اور ادارے مہنگائی کنٹرول کریں۔ عوام کو احتجاج پر مجبور نہ کیا جائے۔ ملک نافرمانی کی جانب دھکیلے جانے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ قوم مزید مفت خور اداروں کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی۔ تاجروں کو گیس و بجلی کی مہنگائی اور بدترین لوڈشیڈنگ پر آواز بلند کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عوام کے حقوق کی جنگ میں مظلوم طبقے کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ کرپشن کرنے والوں نے بلز پاس کرواکر اپنے آپ کو بخشوا لیا۔ معاشی استحکام کیلئے سبسڈی ختم کرنا ضروری ہے تو سرکاری افسران کی مفت بجلی مفت پٹرول یوٹیلٹی سروسز اور تمام مراعات ختم کی جائیں۔ مخدوم احمد محمود نے کہا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے نے غریب کی زندگی مشکل ترین بنا دی ہے۔ بلاول بھٹو امید پاکستان ہیں جن کی مدبرانہ قیادت میں ہم وطن عزیز کی وحدت و سا لمیت کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ پاکستان کو بحران سے نکالنے کا واحد طریقہ آئین میں وضع کردہ اصولوں کے مطابق انتخابات کا انعقاد ہے۔