• news

سیکرٹری اوقاف کاماہر تعمیرات ودیگرکے ہمراہ دربار بلھے شاہؒ کے منصوبے کا جائزہ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے ماہر تعمیرات نیر علی دادا،ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احمد افنان، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف آصف علی فرخ اور ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف ڈاکٹر عبد الغفور کے ہمراہ دربار حضرت بابا بلھے شاہؒ کے ترقیاتی و تعمیراتی منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تعمیراتی منصوبے کی تکمیل مقررہ وقت میں عمل میں لائی جائے گی۔ پنجاب کیبنٹ نے 545 ملین کی خطیر رقم اس منصوبے کیلئے مختص کی۔ پی سی۔I کی منظوری کے ساتھ ہی تعمیراتی کام شروع کردیئے جائیں گے، جن کو 4 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے فکر و فن کو عام کرنے کیلئے، مزارشریف کی اپ گریڈیشن اورتزئین وآرائش کا خصوصی ڈیزائن تیار کیاگیا ہے، جس میں آپؒ کے مزار پر ریسرچ، پبلیکیشنز لائبریری، سیمینار ہال، ایمفی تھیٹر، سماع ہال،لنگر ہال، کار پارکنگ، ایڈمن بلاک، واش رومز، لیویٹری بلاک سمیت دیگر تعمیرات کااہتمام ہوگا۔ سوسائٹی کو فلاحی اقدار سے روشناس کروانے اور انتہاپسندی کے تدارک کیلئے صوفیاء کی تعلیمات کے ابلاغ کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں۔ ان کی خانقاہوں کو مرکز محبت و تربیت کا درجہ میسر ہے۔ عام آدمی کی فکری اور معاشرتی کفالت اور رہنمائی کیلئے خانقاہ کے تاریخ ساز کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ 

ای پیپر-دی نیشن