زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے 9 طلباء نے چینی یونیورسٹیوں سے سکالرشپس حاصل کر لئے
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے نو طلباء نے چین کی مختلف یونیورسٹیوں میں چینی حکومت کی جانب سے ایم ایس اور پی ایچ ڈی سکالرشپ حاصل کیے ہیں۔ چین روانہ ہونے والے طلباء کے وفد نے چیئرمین شعبہ انٹامولوجی پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف کی قیادت میں ڈاکٹر عابد علی ایسوسی ایٹ پروفیسر کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں سے ملاقات کی اور چین کے ساتھ تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے طلباء کو اوپن میرٹ میں مقابلے کی بنیاد پر چینی وظائف حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد چین کی جامعات کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کیے ہوئے ہیں۔ زرعی یونیورسٹی میں چینی زبان سکھانے کے لئے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ قائم ہے جس سے مستفید ہو کر سینکڑوں طلباء چینی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔