بحریہ کالج نے عیسیٰ لیب ٹرافی گرلز باسکٹ بال ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)عثمان کلب اور فردوس اتحاد باسکٹ بال کلب کے زیراہتمام انٹرنیشنل عبدالناصر باسکٹ بال کورٹ آرام باغ پر ہونے والا 8 واں عیسیٰ لیب گرلز باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل بحریہ کالج کارساز نے اپنے ہی کالج کی جونیئر ٹیم کو 36-28 پوائنٹس سے شکست دے کر جیت لیا، ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی فضا خان کو جبکہ باسکٹ بال کھیل کے فروغ اور ٹورنامنٹ میں اعلیٰ نظم و ضبط قائم رکھنے پرکے ایم اے گرلز کالج کو عیسیٰ عبداللہ حسن کارکردگی ایوارڈ کا مستحق قرار دیا گیا۔فائنل کے مہمان خصوصی انٹرنیشنل کھلاڑی اور کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین محمد یعقوب تھے۔ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر غلام محمد خان آرگنائزنگ سیکرٹری زعیمہ خاتون اور دیگر موجود تھے۔ غلام محمد خان نے بحریہ کالج کی ڈی پی ای نصرت افضل اورکے ایم اے کالج کی ڈی پی ای طلعت ادریس کو کھیلوں اور خصوصا باسکٹ بال کھیل کے فروغ میں بے مثال خدمات پر کمشنر کراچی حسن کارکردگی ایوارڈ دینے کا اعلان کیا،فائنل میں بحریہ کالج کارساز نے بحریہ کالج کارساز جونیئر کو 36-28 پوائنٹس سے شکست دی، مناہل خان نے 10 کنزہ علی نے 8 اور امامہ باجوہ نے 4 پوائنٹس سکور کئے ، فائنل میچ میں حاجی اشرف یحیٰ، زاہد ملک،نعیم احمدنے ریفریزکے جبکہ عائشہ زوالفقار، حفضہ خان، مناہیل فاروق اور عثمان حیدر خان نے ٹیکنیکل آفیشلز کے فرائض انجام دئے۔