90روز میں انتخابات کیلئے کل الیکشن کمشن جائیں گے، بلاول آئندہ وزیراعظم ہونگے، مراد شاہ
لاڑکانہ(نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے اور اسی کی بنیاد پر ایک بار پھر صوبے میں حکومت بنائیں گے۔گڑھی خدا بخش بھٹو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 5 سال مدت پوری کرنے پر قیادت کا شکریہ ادا کرنے گڑھی خدا بخش آئے ہیں، 5 سال ہم پر اعتماد کرنے پر سندھ کے عوام کے مشکور ہیں۔سابق وفاقی حکومت نے ساڑھے 3 سال تک سندھ کو صوبہ ہی تسلیم نہیں کیا، مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت کی، سندھ میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے اور اسی کی بنیاد پر ایک بار پھر حکومت بنائیں گے، بلاول بھٹو زرداری ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ آئین کے مطابق انتخابات 90 روز میں منعقد ہونا ہیں، سی ای سی میں فیصلہ ہوا کہ 90 روز میں انتخابات کے حوالے سے پارٹی کا وفد 29 اگست کو الیکشن کمیشن جائے گا، 29 اگست کی ملاقات کے بعد سی ای سی کا اگلا اجلاس لاہور میں ہوگا جس میں مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ملکی مسائل کا حل منتخب حکومتوں کے پاس ہوتا ہے، نگران حکومت کو قانون کے مطابق دائرہ اختیار ملتا ہے، جب بھی نگران حکومت بنتی ہیں مخالفین گرفتاریوں کی باتیں کرتے رہتے ہیں۔کسی بھی پارٹی سے الحاق یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، پیپلز پارٹی 1970ء سے انتخابات کا تجربہ رکھتی ہے، ملک میں بحران ضرور ہیں جسے ختم کرنے کیلئے ہم نے اپنی سیاست تک داؤ پر لگائی اور سخت فیصلے کئے۔