ارشد ندیم نے تاریخ رقم کردی، ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں پاکستان کیلئے پہلا میڈل جیت لیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے اتھلیٹ ارشد ندیم نے ہنگری کے شہر بداپسٹ میں جاری ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں جیولن تھرومیں چاندی کا تمغہ جیت لیا ۔ سونے کا تمغہ بھارت کے نیرج چوپڑ انے جیت لیا ۔ فائنل رائونڈ کی پہلی کوشش میں 74.80میٹر ‘دوسری میں 82.81‘تیسری میں 87.82‘چوتھی فائول گئی جبکہ چھٹی کوشش میں 81.86میٹر تھرو کی ۔ فائنل مقابلے کو پاکستان میں براہ راست ٹیلی ویژن پر دکھایا گیا ۔میاں چنوں میں ارشد ندیم کے گھر کے باہر بھی بڑی سکرین نصب کی گئی تھی جس پرعوام نے فائنل مقابلہ براہ راست دیکھا۔ارشد ندیم کی والدہ جائے نماز پر بیٹے کی کامیابی کیلئے دعائیں مانگتی رہیں ۔ فائنل کے وقت کے ان کے گھر اندر اور باہر دوستوں اور لوگوں کا رش لگارہا ۔ لوگ قومی ہیرو کی کامیابی کیلئے دعائیں مانگتے رہے ۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان نے ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ میں کوئی میڈل حاصل کیا ہے۔