• news

جینیاتی ٹیسٹ‘ طیارہ حادثہ میں ویگنر سربراہ پریگوزین کے مرنے کی تصدیق

ماسکو (نوائے وقت رپورٹ) روسی تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ جینیاتی ٹیسٹ سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ویگنر گروپ کے سربراہ یوگینی پریگوزین ہوائی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 10 افراد میں شامل تھے۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق روس کی ایوی ایشن ایجنسی نے اس سے قبل بدھ کو ماسکو کے شمال مغرب میں تویر کے علاقے میں گر کر تباہ ہونے والے نجی جیٹ میں سوار تمام 10 افراد کے نام شائع کیے تھے اور اس فہرست میں پریگوزن اور دمتری یوٹکن کے نام بھی شامل تھے۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر ایک بیان میں کہا کہ طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر مالیکیولر جینیاتی عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جینیاتی نتائج کے مطابق تمام 10 مرنے والوں کی شناخت ہو چکی ہے اور وہ فلائٹ شیٹ میں دی گئی فہرست کے عین مطابق ہیں۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف سے جب پوچھا گیا کہ کیا روسی صدر پریگوزن کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ صدر کی مصروفیات بہت زیادہ ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن