دوسری چیف آف نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ کا آخری میچ اور تقریب تقسیم انعامات
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) دوسری چیف آف دی نیول سٹاف سکواش چیمپئن شپ 2023 کا آخری میچ اور تقسیم انعامات کی تقریب پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان سکواش کمپلیکس کراچی میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ٹورنامنٹ کا آخری میچ مردوں کی کیٹیگری میں واپڈا کے ناصر اقبال اور SNGPL کے اسرار احمد جبکہ خواتین کیٹیگری میں واپڈا کی نورالعین اور پاک آرمی کی زینب کے درمیان کھیلا گیا۔ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد واپڈا کے ناصراقبال اور پاک آرمی کی زینب نے ٹائٹل اپنے نام کیے۔ چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر البحر نے سکواش کے کھیل سے پاک بحریہ کی طویل وابستگی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف دی نیول سٹاف اوپن سکواش چیمپئن شپ کا پچھلی دو دہائیوں سے باقاعدہ انعقاد پاک بحریہ کے ملک بھر میں سکواش کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کی جانب سے ہر سال باری باری قومی اور بین الاقوامی سطح پر سکواش کے مقابلے منعقد کروائے جائیں گے تاکہ سکواش کے کھیل کو فروغ دیا جائے اور قومی کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔ مہمان خصوصی نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان سکواش فیڈریشن، کھلاڑیوں، سپانسرز اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں امیر البحر نے فاتحین اور رنرز اپ میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی بہترین کارکردگی پر انہیں مبارک باد دی۔اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین، سپانسرز، قومی کھلاڑیوں اور سکواش اور دیگر کھیلوں کے سینئر کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔